روس منافع کمانے کے لیے یوکرین کے اناج کی برآمدات چوری کر رہاہے، امریکہ
امریکہ کے وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے کہا کہ "معتبر اطلاعات" کے مطابق روس منافع بخش فروخت کرنے کے لیے یوکرین کے اناج کی برآمدات کی "چوری" کر رہا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بلنکن نے یہ بات مخیر حضرات، غیر سرکاری تنظیموں اور نجی شعبے کے اداروں کے ساتھ ایک ورچوئل گول میز کے دوران بات کرتے ہوئے کہی۔
امریکہ کے اعلی ترین سفارتکار نےکہا کہ مبینہ روسی چوری یوکرین میں اس کی جنگ کے دوران روس کے وسیع تر اقدامات کا حصہ ہے جنہوں نے یوکرین کی گندم کی فصل برآمد کرنے کی صلاحیت کو متاثر کیا اور عالمی غذائی تحفظ کے بحران کو مزید خراب کر دیا۔
خیال رہے کہ یوکرین نے روس پر الزام لگایا ہے کہ وہ اس کا اناج ترکی اور شام سمیت ممالک کو بھیج رہا ہے۔
یورپی کونسل کے صدر چارلز مشیل نے 15 رکنی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے سامنے ماسکو پر الزام عائد کیا کہ وہ یوکرین پر حملے سے عالمی خوراک کے بحران کو ہوا دے رہا ہے۔ اس بات پر اقوام متحدہ میں روس کے سفیر واسیلی نیبنزیا اجلاس سے باہر چلے گئے۔
لوہانسک کے 97 فیصد علاقے پر قبضہ ہے، روس کا دعویٰ
منگل کے روز روس نے دعویٰ کیا ہے کہ مشرقی یو کرین میں صوبے لوہانسک کے تقریباً تمام علاقے پر اس کا کنٹرول ہو گیا ہے لیکن یو کرین کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ ان کے فوجی صنعتی شہر سیویوروڈونیسک میں روسی فوجوں کے
ساتھ گلیوں میں سخت لڑائی کے باوجود اپنا علاقہ نہیں چھوڑ رہے۔
مشرقی یوکرین پر ہفتوں سے جاری روسی حملے کے بعد روسی وزیرِ دفاع سرگئی شوئیگو نے کہا ہے کہ ان کی فورسز لوہانسک کے 97 فیصد علاقے پر قابض ہیں اور ڈونباس کا کچھ علاقہ بھی ان کے کنٹرول میں ہے۔ انہوں نے یہ بات ایسے میں کہی ہے جب تین ماہ سے زیادہ عرصے سے جاری اس جنگ میں روس کو یو کرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کو اقتدار سے ہٹانے اور دارالحکومت کیف پر قبضہ کرنے میں کامیابی نہیں ہو سکی۔
تاہم یوکرینی عہدیداروں کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کی روس صوبے ڈونیسک کے تقریباً نصف پر قابض ہو چکا ہے۔
'یو کرین روس سے اپنا تمام علاقہ واپس لے گا۔' زیلنسکی
یو کرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے منگل کے روز کہا ہے کہ ان کا ملک روسی فورسز سے اپنا تمام علاقہ واپس قبضے میں لے گا۔
انہوں نے یہ بات ایسے وقت میں کہی ہے جب کہ یوکرین کے شہر سیوریو ڈونیسک کی گلیوں میں اب تک کی خونریز لڑائی ہو رہی ہے۔
ان تجاویز کے جواب میں کہ یو کرین کو جنگ ختم کرنے کےلیے علاقہ روس کے حوالے کردینا چاہئیے، زیلنسکی نے کہا،" تعطل کو ئی متبادل نہیں۔ ہمیں اپنا تمام علاقہ واگزار کرواناہے۔"
ڈونیسک کے علاقے کے گورنر پاولو کریلینکو نے یو کرین ٹی وی کو بتایا ہے کہ اگلے محاز پر مسلسل گولہ باری ہو رہی ہے اور روس ڈونیسک میں یوکرین کے قبضے والے دو بڑے شہروں،کراماٹورسک اور سلوویانسک کی جانب بڑھنے کی کوشش کر رہا ہے۔
امریکہ نے ثانوی منڈیوں میں روسی قرض یا اسٹاک خریدنے پر پابندی عائد کردی
امریکی محکمہ خزانہ نے یوکرین پر حملے کے بعد روس پر عائد کی گئی پابندیوں میں تازہ ترین اضافہ کیا ہے جس کے تحت امریکی منی منیجرز کو ثانوی منڈیوں میں روسی قرض یا اسٹاک خریدنے پر ممانعت عائد کی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکہ نے اس سلسلے میں پہلے ہی نئی روسی مالی خریدداری پر پابندی نافذ کر رکھی ہے۔
خیال رہے کہ روس پر عائد امریکی پابندیوں کے باوجود اب تک امریکی شہریوں کو سیکڑوں بلین ڈالر کے اثاثوں کی تجارت کی اجازت تھی جو ثانوی منڈیوں میں پہلے سے گردش میں ہیں۔