ماریوپول کی قسمت کا فیصلہ کیسے ہوگا؟
یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے ہفتے کو برطانیہ اور سوئیڈن کے حکام کے ساتھ ماریوپول کا دفاع کرنے اور محصور شہر میں پھنسے باسیوں کی مدد سے متعلق گفتگو کی۔
زیلنسکی کا کہنا تھا کہ ماریوپول کی قسمت کا فیصلہ یا تو جنگ سے ہو سکتا ہے یا پھر سفارت کاری سے۔
یوکرین سے یکجہتی کے لیے اسپین میں گاؤں کا نام تبدیل
یوکرین یورپ کے ملک اسپین سے چار ہزار کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
اسپین کے سفید دیواروں والے ایک شمالی گاؤں کا نام اس جنگ زدہ ملک سے یکجہتی کے طور پر تبدیل کر کے یوکرین رکھ دیا گیا ہے۔
گاؤں کے داخلی راستے پر لکھے گئے نام فیونتس دی ایندلوسیا کو یوکرین میں تبدیل کر دیا گیا ہے جب کہ اسپین کا نیلا اور پیلا جھنڈا اس کے اطراف پینٹ کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں سات ہزار باسیوں کے گاؤں میں شاہراہوں کو بھی کیف، اوڈیسا اور ماریوپول کے نام دیے گئے ہیں۔
شاہراہ کیف پر کھڑے فرانسسکو مارٹینز کا کہنا ہے کہ اس عمل کا مقصد یوکرین میں جاری جنگ سے متعلق آگاہی پھیلانے کے علاوہ یہ بھی ہے کہ بتایا جائے کہ اس وقت کن شہروں میں جنگ جاری ہے۔
مارٹینز کا کہنا تھا کہ ان تبدیلیوں کا مقصد اظہار یکجہتی سے کہیں زیادہ ہے اور گاؤں کے رہائشیوں نے مہاجرین کے لیے کیمپ لگانے سے قبل ساڑھے تین ہزار یوروز بھی اکٹھے کیے ہیں۔
گاؤں کے مکینوں کی طرف سے یوکرین کے 25 مہاجرین کو گاؤں کے وسط میں یا مکینوں کے ساتھ رہائش فرام کی جائے گی۔
روس کا ماریوپول پر قبضے کا دعویٰ، کیف پر حملے جاری
یوکرین کے دارالحکومت کیف اور دیگر شہروں پر روس کے میزائل حملے بدستور جاری ہیں جب کہ ماسکو نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فوج نے ماریوپول کا شہری علاقہ کلیئر کر دیا ہے جب کہ یوکرین کی فورسز اب بس کا ایک چھوٹے سے حصے میں صرف اسٹیل ورک پلانٹ میں موجود ہیں۔
روس کے ماریوپول کا کنٹرول سنبھالنے کے دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوئی۔ ماریوپول روس کے حملوں کے باعث بدترین انسانی تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے۔
رواں سال 24 فروری کو یوکرین پر روس کے کیے جانے والے حملے کے بعد ماریوپول پہلا شہر ہے جس پر روس نے مکمل قبضے کا دعویٰ کیا ہے۔
یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کا ہفتے کو کہنا تھا کہ ساحلی شہر میں صورتِ حال انتہائی کشیدہ ہے اور دارالحکومت کیف دفاع کرنے والوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔
زیلنسکی نے آن لائن خطاب میں روس پر الزام لگایا کہ روس شہریوں کو ختم کرنا چاہتا ہے تاہم زیلنسکی نے روس کے اس دعوے پر بات نہیں کی کہ روس کی فوج نے ماریوپول کے شہری علاقے یوکرینی فورسز سے قبضے میں لے لیے ہیں۔
یوکرینی قصبے بوچا میں ٹینکوں کا قبرستان
یوکرین کے دارالحکومت کیف کے مضافاتی قصبے بوچا سے روسی افواج کے انخلا کے بعد سڑکوں اور گلیوں سے تباہ شدہ ٹینکوں اور جلی ہوئی گاڑیوں کو اٹھا کر ایک مقام پر اکھٹا کیا جارہا ہے۔ یہ جگہ نہ صرف جنگ میں تباہ ہونے والے روسی فوجی ٹینکوں اور گاڑیوں کے قبرستان کا منظر پیش کرتی ہے بلکہ اس سے روسی اور یوکرینی افواج کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کی شدت کی بھی نشاندہی ہوتی ہے۔