دنیا کے کئی ممالک میں جمعے کو عیدالاضحیٰ منائی جا رہی ہے۔ اِن ملکوں میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر تمام خلیجی ریاستیں، یورپ، امریکہ، کینیڈا، انڈونیشیا، ملائیشیا، جاپان اور افغانستان شامل ہیں۔ اس بار عید کے موقع پر کرونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کرتے ہوئے عید کا دن گزارا جا رہا ہے۔ گلیوں اور تنگ مقامات پر نمازِ عید کے اجتماعات بھی نہیں ہوئے جب کہ نمازیوں نے فیس ماسک پہن کر نمازِ عید ادا کی۔
دنیا کے مختلف ملکوں میں عید الاضحیٰ

1
عراق کے دارالحکومت بغداد میں واقع ابوحنیفہ مسجد میں نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر باقاعدہ ایس او پیز ترتیب دیے گئے تھے، جن پر پابندی لازمی تھی لیکن کچھ افراد نے اس کے باوجود ماسک نہیں پہنا۔

2
ملائیشیا میں کوالالمپور سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں اور دیہی علاقوں میں بھی جمعے کو عید الاضحیٰ منائی گئی۔ مساجد میں نمازیوں کی محدود تعداد کو ہی نماز ادا کرنے کی اجازت تھی جب کہ اس بار مساجد میں اجتماعی قربانی کرنے کی بھی اجازت کسی کو نہیں دی گئی۔

3
انڈونیشیا کے صوبے بند آچے میں جمعے کی صبح نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع جامع مسجد بیت الرحمٰن میں ہوا۔ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کی بڑی تعداد نے بھی نمازِ عید ادا کی۔

4
تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں کرونا وائرس کی موجودگی میں تھائی اسلامک سینٹر میں نماز عید ادا کی گئی۔ کرونا وائرس کے سبب تھائی لینڈ سمیت زیادہ تر ممالک میں نماز عید کھلے میدانوں میں ادا کی گئی جب کہ اجتماع سے قبل ہر نمازی کا جسمانی درجہ حرارت بھی چیک کیا گیا۔