ایک ارب آبادی گھروں میں بند، کرونا وائرس نے 11000 جانیں لے لیں
کرونا وائرس کے سبب دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 11000 ہو چکی ہے۔ جب کہ امریکہ اور یورپ بھر میں اکثر شہر بند ہیں۔ ہفتے کے روز تک دنیا بھر کے ایک ارب افراد اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
اس وبائی مرض کے نتیجے میں کرہ ارض کے روزمرہ کے معمولات ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں، میل جول بند ہے، اسکول بند پڑے ہیں اور کروڑوں لوگ گھروں سے کام کرنے پر مجبور ہیں۔
عالمی سطح پر وائرس کی وجہ سے صرف اٹلی ہی میں 4000 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جہاں گزشتہ ہفتے کے دوران یومیہ ہلاکتوں کی تعداد تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے، اے ایف پی کے اکٹھے کردہ اعداد و شمار کے مطابق، دنیا کے 35 ممالک میں 90 کروڑ سے زائد افراد گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ اس میں 60 کروڑ افراد وہ ہیں جنھیں سرکاری لاک ڈاؤن کے نتیجے میں گھروں تک محدود رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔
بھارت میں 'جنتا کرفیو' ، پورا ملک بند
کرونا وائرس کی وبا پھیلنے سے روکنے کے لیے بھارت میں 'جنتا کرفیو' (یعنی عوام کے کرفیو) پر پابندی سے عمل کیا جا رہا ہے۔
'جنتا کرفیو' میں پورا ملک اتوار کو بند ہے۔ سڑکیں ویران جب کہ بازار بند ہیں۔ تمام لوگ اپنے اپنے گھروں میں مقید ہیں۔
بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ اتوار 22 مارچ کو صبح سات بجے سے رات کے نو بجے تک جنتا کرفیو لگائیں اور بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں۔
نریندر مودی نے ہفتے کی شام کو بھی ایک ٹوئٹ کرکے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی تھی۔
عوام نے ایک روز قبل ہی جنتا کرفیو لگایا تھا۔ ہفتے کو بھی مصروف علاقوں جیسے کہ دہلی کا کناٹ پلیس اور سروجنی نگر، ممبئی کا مرین ڈرائیو اور چھترپتی شیوا جی مہاراج اور کلکتہ کا نیو مارکیٹ علاقہ پوری طرح ویران نظر آیا۔
دارالحکومت دہلی میں میٹرو ٹرین سروس اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند ہے۔
خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ صوبے میں مزید آٹھ افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 31 ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ صوبے میں مجموعی طور پر مشتبہ مریضوں کی تعداد 170 رپورٹ کی گئی ہے۔ دوسری جانب 63 افراد کو کلیئر قرار دیا گیا ہے۔
نئے مشتبہ کیسز میں ایبٹ آباد میں چار، چارسدہ میں ایک، ڈی آئی خان میں ایک، ہری پور میں پانچ، کوہاٹ میں دو مریض رپورٹ ہوئے۔ جب کہ مردان میں 10، نوشہرہ میں ایک، پشاور میں 12، سوات میں دو اور صوابی سے دو مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیں۔
بلوچستان میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے فوج کی مدد طلب
بلوچستان میں صوبائی حکومت نے کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاک فوج کی مدد طلب کر لی ہے۔
صوبائی حکومت نے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو سول اختیارات دینے کے لیے مرکز کو خط ارسال کیا ہے۔
خط کے مطابق صوبے بھر میں ایمرجنسی کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے فوج کو سول اختیارات حاصل ہوں گے۔