پوٹن نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ دنیا یوکرین کا اتنا ساتھ دے گی''
امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے جرمنی میں 40 سے زائد ممالک کا ایک اجلاس بلایا جس میں شرکا نے یوکرین کے لیے سیکیورٹی امداد پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
لائیڈ نے کہا کہ اس اجلاس
کا مقصد روس کے غیر منصفانہ حملے کے خلاف جنگ جیتنے میں یوکرین کی مدد کرنا اور کل کے چیلنجوں کے لیے یوکرین کی تعمیر میں مدد کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ پوری دنیا اتنی تیزی اور اس قدر یقینی طور پر یوکرین کی حمایت میں کھڑی ہو جائے گی۔
جرمنی کے رامسٹین ایئر بیس پر ہونے والا اجلاس لائیڈ اور امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن کی یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی سے کیف میں ان کے ملک کی ضروریات کے متعلق سننے کے بعد منعقد کیا گیا۔
یورو کے مقابلے میں روبل کی قدر دو سال کی بلند سطح پر
یورو کے مقابلے میں روسی سکے، روبل کی قدر میں دو سال کا سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ پیر ہی کو عام تجارتی منڈی میں روبل خاصا مستحکم ہو چکا تھا، جب ہفتے بھر کی ٹیکس کی ادائیگیوں اور سکے میں استحکام کا عنصر واضح ہوگیا تھا۔
تاہم، سرمایہ کاروں کا خیال ہے کہ جمعے کو روبل کی قدرمیں کمی کا امکان ہے۔
روس نے جرمن سفارتی عملے کے 40 ارکان کو ملک بدر کردیا
بدلے کی کارروائی کے طور پر، روس نے پیر کو جرمنی کے سفارتی عملے کے 40 ارکان کو ناپسندیدہ افراد قرار دیتے ہوئےملک چھوڑنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
اس سے قبل جرمنی نے 40 روسی سفارت کاروں کو ناپسندیدہ افراد قرار دیتے ہوئے انھیں ملک سے نکل جانے کا کہا تھا۔
ایک بیان میں روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ جرمنی نے چار اپریل کو برلن میں تعینات روسی سفارت خانے کے عملے کی ایک خاصی تعداد کو ملک بدر کرنے کا حکم دیا تھا۔
یوکرین میں مشتبہ جنگی جرائم، آئی سی سی کا تفتیشی ٹیم کا حصہ بننے کا اعلان
بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے پیر کے روز پہلی باراعلان کیا کہ وہ اس کثیرملکی تفتیشی ٹیم کا حصہ بنے گی جو اس وقت روس کی جانب سے یوکرین میں مبینہ طور پر سرزد ہونےوالے جنگی جرائم کی چھان بین کررہی ہے۔ روس نے دو ماہ قبل یوکرین پر حملہ کیا تھا۔
عدالت کے وکیل استغاثہ، کریم خان اور لتھوانیا، پولینڈ اور یوکرین کے پروزیکیوٹر جنرلزنے مشترکہ تفتیش کے لیے ایک باضابطہ سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں۔ یہ بات یورپی یونین کے ادارے " کریمینل جسٹس کوآپریشن ن"ے بتائی ہے۔
ادارے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس سمجھوتے کے بعد، اب متعلقہ فریق یہ واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ سب مل کر کوشش کریں گے کہ یوکرین میں سرزد ہونے والے بین الاقوامی نوعیت کے جرائم کے موثرثبوت اکٹھے کیے جائیں، اور ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا ئے۔
لتھوانیا، پولینڈ اور یوکرین نے گزشتہ ماہ ایک سمجھوتے پر دستخط کیے تھے جس کا مقصد یوکرین پر روسی جارحیت کے بعد وہاں ہونے والے مشتبہ جنگی جرائم سے متعلق اطلاعات کا تبادلہ کرنا ہے۔
یوکرین میں سرزد ہونے والے مشتبہ جنگی جرائم کے حوالے سے، کریم خان نے پہلے ہی آئی سی سی کی جانب سے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔