امریکہ کا یوکرین میں روس کے جنگی جرائم کے شواہد جمع کرنے کا اعلان
امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے روس کی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس پر یوکرین میں جنگی جرائم کے ارتکاب کا الزام لگایا ہے۔
اتوار کو امریکہ کے وزیرِ خارجہ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب روس کی فوجی کے یوکرین کے دارالحکومت کیف سے نکلنے کے بعد کچھ تصاویر سامنے آئی ہیں جن میں کیف کے مضافاتی علاقے بوچا کی گلیوں میں ہلاک ہونے والے شہریوں کی لاشیں نظر آ رہی ہیں۔
امریکی نشریاتی اداے سی این این کے 'اسٹیٹ آف دی یونین' شو میں گفتگو کرتے ہوئے اینٹنی بلنکن نے کہا کہ ان تصویروں کو دیکھنا دردناک ہے۔ اس کے بارے میں بے حس نہیں ہو سکتے اور نہ ہی اسے معمول بننے کی اجازت دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین اپنے شمالی وسطی علاقے پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کر رہا ہے اس کے باوجود امریکہ پورے یوکرین میں روس کے جنگی جرائم کو دستاویزی شکل دینے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔
رپورٹس کے مطابق روس کی فوج بحیرۂ اسود کے ساتھ ساتھ جنوبی یوکرین کے شہروں اور مشرقی یوکرین کے متقابل ڈنباس کے علاقے میں نئے حملوں پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے کیف سے پیچھے ہٹ گئی ہیں۔
یوکرینی صدر کا گریمی ایوارڈز کے نام پیغام
یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے گریمی ایوارڈز 2022 کے موقع پر ایک ویڈیو پیغام میں روس کے یوکرین پر حملے کی کہانی سنانے میں مدد کی درخواست کی ہے۔
اتوار کو تقریب میں نشر ہونے والے پیغام میں انہوں نے حملے کو ایک مہلک خاموشی سے تشبیہ دی جس سے یوکرین کے بچوں سمیت عوام کے خوابوں اور ان کی زندگیوں کو خطرہ ہے۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین کے موسیقار ٹکسیڈو کے بجائے باڈی آرمر (زرہ بکتر) پہنتے ہیں۔ وہ اسپتالوں میں زخمیوں کے لیے گاتے ہیں۔ یہاں تک کہ ان لوگوں کے لیے بھی جو انہیں سن نہیں سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موسیقی بہرحال رکاوٹیں عبور کرے گی۔
اس سے قبل ریکارڈنگ اکیڈمی نے اپنے پارٹنر گلوبل سٹیزن کے ساتھ مل کر یوکرین کے انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے سوشل میڈیا مہم 'اسٹینڈ اپ فار یوکرین' کے ذریعے رقم جمع کرنے پر روشنی ڈالی۔
یوکرین میں لاپتا صحافیوں کے بارے میں تشویش میں اضافہ
یوکرین میں ایک فوٹو جرنلسٹ کی موت کے بعد میڈیا پر نظر رکھنے والے ادارے لاپتا ہونے والے صحافیوں کی قسمت پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں ۔
فوٹوگرافر میکس لیون دو ہفتے سے لاپتا تھے۔ ان کی لاش یوکرین کے دارالحکومت کیف کے قریب ملی ہے۔
میکس لیون 13 مارچ کو کیف کے جنب زدہ علاقے میں لاپتا ہو گئے تھے۔ ان کی لاش یکم اپریل کو ایک گاؤں کے قریب سے ملی تھی۔
نیویارک میں قائم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (سی جے پی) نے میکس لیون کی موت کی مذمت کرتے ہوئے فریقین سے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
سی پی جے کے ڈائریکٹر کارلوس مارٹینیز نے ہفتے کو ایک بیان میں کہا کہ روس اور یوکرین کے حکام کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ذمہ داروں کو جواب دہ ٹھہرایا جائے اور جنگ کی کوریج کرنے والے صحافیوں کی حفاظت کی ضمانت دی جائے۔
واشنگٹن میں قائم نیشنل پریس کلب نے ایک بیان میں کہا کہ میکس لیون کیف کے شمال میں کام کرتے ہوئے روس کی فوج کے ہاتھوں مارا گیا۔
نیشنل پریس کلب کے صدر جین جوڈسن اور نیشنل پریس کلب جرنلزم انسٹیٹیوٹ کے صدر گل کلین نے اتوار کو ایک مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ میکس لیون نویں صحافی ہیں جو روس کے یوکرین پر 24 فروری کیے جانے والے حملے کی کوریج کرتے ہوئے مارے گئے ہیں۔
بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ میکس لیون کی موت کی تحقیقات جنگی جرم کے طور پر کی جائیں۔ صحافیوں سمیت شہریوں کو نشانہ بنانا ایک جنگی جرم ہے۔
روس شہریوں یا صحافیوں کو نشانہ بنانے کی تردید کرتا رہا ہے۔ ماسکو کا کہنا ہے کہ ایسی خبریں ’فیک نیوز‘ ہیں۔
یوکرین کی فوج کے مطابق ایک لتھوینیا کے ایک فلمساز مانٹاس ہفتے کو شہر ماریوپول میں ہلاک ہوئے ہیں۔ یوکرین کے جنوب مشرقی علاقے ماریوپول کا روسی افواج نے محاصرہ کر رکھا ہے۔
کیف کے مضافات میں ڈھائے گئے مظالم، امن بات چیت جاری رکھنا مشکل ہو گیا ہے، زیلنسکی
یوکرین کے صدر ولودویمیر زیلنسکی نے پیر کے روزکیف کے مضافات میں واقع بوچا کے قصبے سے قومی ٹیلی ویژن پر خطاب کیا، جہاں گزشتہ ہفتے پسپا ہوتے ہوئے روسی افواج نے سینکڑوں شہریوں کو ہلاک کیا۔
ایسوسی ایٹڈ پریس نے اپنی خبر میں بتایا ہے کہ یوکرینی صدر نے کہا کہ مظالم کے ان کھلم کھلا ثبوتوں نے روس کے ساتھ مزید مذاکرات کا معاملہ مشکل بنا دیا ہے۔
زیلنسکی نے کہا کہ ''جب آپ یہ دیکھتے ہیں کہ انھوں نے ہمارے ساتھ یہاں کیا کیا تو مذاکرات کا معاملہ مشکل ہو جاتا ہے''۔
یوکرینی صدر نے کہا کہ بوچا اور دیگر مقامات پر گولی مار کر، گلا گھونٹ کر، اذیت دے کر اور کھلے آسمان کے نیچے اور بیسمنٹ کے اندر یوکرینی شہریوں کو سفاکانہ طریقوں سے قتل کیا گیا۔
روزنامہ 'کیف انڈپنڈنٹ' نے ٹوئٹر پر زیلنسکی کے بوچا کے دورے کی تصاویر شیئر کی ہیں۔