پوٹن سے متعلق بیان میرے اخلاقی غم و غصے کا عکاس تھا: بائیڈن
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہےکہ ان کا وارسا میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن کو اقتدار سے ہٹانے سے متعلق بیان ان کی پالیسی میں تبدیلی نہیں بلکہ اخلاقی غم و غصے کا عکاس ہے۔
بائیڈن نے کہا کہ وہ اپنے اخلاقی غم و غصے کا اظہار کر رہے تھے جو انہوں نے محسوس کیا اور وہ معذرت خواہ نہیں ہوں گے۔
بائیڈن نے پیر کو وائٹ ہاؤس میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس طرح کے لوگوں کو ممالک پر حکمران نہیں ہونا چاہیے، لیکن وہ ایسا کرتے ہیں۔" اس حقیقت کا یہ مطلب نہیں کہ میں اس کے بارے میں اپنے غم و غصے کا اظہار نہیں کر سکتا۔"
بائیڈن نے اس خیال کو مسترد کردیا کہ ان کے تبصرے سے یوکرین جنگ کے معاملے پر تناؤ بڑھ سکتا ہے۔
امریکہ یوکرین کے ساتھ کھڑا ہے اور ساتھ کھڑا رہے گا، بلنکن
امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے اس ہفتے ایک ویڈیو ٹوئٹ میں روسی حملے کے بعد سے لے کر اب تک یوکرین کو فراہم کی گئی حمایت کی تفصیل پیش کی ہے۔
ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ امریکہ ''یوکرین کے ساتھ کھڑا ہے اور ساتھ کھڑا رہے گا''۔
روزنامہ 'نووایا گزیٹا' کی اشاعت تب تک بند رہے گی جب تک یوکرین میں روس کی لڑائی جاری رہتی ہے
حکومت روس کے نگرانی پر مامور اہلکاروں کی جانب سے انتباہ کے بعد، روسی اخبار 'نووایا گزیٹا' نے اس ہفتے تب تک اشاعت بند کرنے کا اعلان کیا ہے جب تک یوکرین میں روس کی لڑائی جاری رہتی ہے۔
دوسری جانب 'کرنٹ ٹائم' نے، جو کہ ریڈیو فری یورپ/ریڈیو لبرٹی اور وائس آف امریکہ کی مشترکہ پیش کش ہے، دمتری مرادوف کے بارے میں رپورٹ شائع کی ہے، جو 'نووایا گزیٹا' کے چیف ایڈیٹر ہیں، جس میں روزنامہ کی جانب سے آزادی صحافت کے لیے کیے جانے والے اہم کام کو نمایاں کیا گیا ہے۔
'کرنٹ ٹائم' ٹیلی ویژن پروگرام ہے جو روسی زبان میں نشر ہوتا ہے۔
یوکرین کی لڑائی میں اب تک روس کے 17200 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، یوکرینی ذرائع
یوکرین کی وزارت خارجہ نے منگل کو ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ 24 فروری سے، جب روس نے یوکرین کے خلاف حملہ کیا، اب تک میدان جنگ میں روس کو اندازاً کتنا نقصان پہنچ چکا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اب تک 17200 روسی فوجی ہلاک، جب کہ 127 لڑاکا طیارے، 129 ہیلی کاپٹر اور 597 ٹینک تباہ ہوئے ہیں۔