کرونا وائرس: بھارت میں 22 مارچ کو 'جنتا کرفیو' نافذ ہو گا
بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کرونا وائرس سے متعلق قوم سے خطاب کرتے ہوئے 22 مارچ کو ملک بھر میں علامتی 'جنتا کرفیو' نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی نشریاتی اداروں کی رپورٹس کے مطابق اپنے خطاب میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ وہ 'جنتا کرفیو' کو سپورٹ کریں اور کم از کم 10 لوگوں کو اس کرفیو سے متعلق آگاہ کریں۔
نریندر مودی نے کہا کہ لوگوں کو فون اور دیگر ذرائع سے اس کرفیو کے بارے میں آگاہ کریں اور انہیں گھروں پر رہنے کی تلقین کریں۔
وزیرِ اعظم مودی نے کہا کہ 'جنتا کرفیو' سیلف کنٹرول کی علامت ہوگا۔ لیکن یہ کرفیو صحت عامہ سے متعلق افراد، ایمرجنسی سروسز اور میڈیا پر لاگو نہیں ہوگا۔
جنتا کرفیو صبح سات سے رات نو بجے تک نافذ کیا جائے گا۔ نریندر مودی نے لوگوں کی ہدایت کی ہے کہ وہ شام پانچ بجے اپنے گھروں کے دروازوں یا بالکونی میں کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں اور صحت عامہ کے لیے کام کرنے والے ہیلتھ ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کریں۔
ایران میں مقدس مقامات بند
کرونا وائرس کے اثرات کے سبب اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سعودی عرب کی طرح ایران میں بھی مشہد، قُم اور دوسرے شہروں میں واقع مقدس مقامات بند کر دیے گئے ہیں۔
یہ اقدام ایسے وقت میں لیا گیا ہے جب ایران میں سال نو کی چھٹیاں ہیں اور آج سے نو روز کا آغاز ہو رہا ہے۔
ایران میں اس وائرس کے شدید اثرات دیکھے جا رہے ہیں اور نوروز کے موقع پر جہاں بہت بڑے پیمانے پر عوامی سرگرمیاں اور نقل و حمل ہوتی تھیں اب عوامی سطح پر بہت محدود سرگرمیاں ہو رہی ہیں۔
تہران میں مقیم سینئر صحافی ڈاکٹر راشد نقوی نے وائس امریکہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس روز کے آغاز کے موقع پر مشہد میں واقع امام کے روضے پر بہت بڑی تعداد میں لوگ صبح کے وقت جمع ہوتے ہیں اور دعائیں کی جاتی ہیں۔ لیکن حالیہ برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ روضہ بند ہے اور کسی کو وہاں جانے کی اجازت نہیں ہے۔
انہوں بتایا کہ بیشتر مساجد میں آئمہ کی ان حالات میں عدم موجودگی کے سبب با جماعت نمازوں کا سلسلہ بھی جاری نہیں ہے اور جمعے کے اجتماعات بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
سعودی عرب: اندرون ملک پروازیں اور ٹرینیں 14 روز کے لیے معطل
سعودی عرب نے کرونا وائرس کے پیشِ نظر اندرون ملک پروازوں، بسوں، ٹیکسیز اور ٹرینوں کو 14 روز کے لیے معطل کر دیا ہے۔
سعودی عرب میں اب تک 274 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ تاہم اب تک اس وائرس سے سعودی عرب میں کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق سعودی حکام نے جمعے کو اندرونِ ملک سفر پر بھی پابندی کا اعلان کیا ہے جس کا اطلاق ہفتے سے ہو گا۔
کیلی فورنیا کے شہریوں کو گھروں میں قیام کا حکم
امریکہ میں کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث ریاست کیلی فورنیا کے گورنر نے حکم دیا ہے کہ شہری اپنے گھروں میں ہی رہیں اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔
گورنر گیون نیوسم نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ چار کروڑ نفوس پر مشتمل ریاست کیلی فورنیا کی آدھی آبادی آئندہ آٹھ ہفتوں کے دوران کرونا وائرس کی لپیٹ میں آسکتی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق گورنر گیون کے احکامات کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔
یاد رہے کہ امریکہ کی حکومت نے بیرونِ ملک مقیم اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ امریکہ واپس لوٹ آئیں یا پھر غیر معینہ مدت کے لیے بیرونِ ملک ہی مقیم رہیں۔